سوپور // (غلام محمد )سوپور کے کنڑی فارسٹ رینج علاقے رامپورہ راجپورہ کے جنگلوں سے غیر قانونی طور کاٹی گئی عمارتی لکڑی کو دوران شب محکمہ جنگلات کی ایک چھاپہ مار پارٹی نے ضبط کیا ۔فارسٹ کنٹرول روم سوپور و رینج آفیسر کنڑی سوپور کی ہدایت پر وٹلب سنگری ٹاپ پر محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے دوران شب ناکہ لگایا اور وہاں ایک ٹرک گاڑی کو تعمیراتی لکڑی سمیت ضبط کر لیا اور دو غیر ریاستی سمگلروں کو بھی دبوچ لیا۔اس بارے میں رینج آفیسر نے بتایاکہ گزشتہ سوموار کو دوران شب محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم نے مصدقہ اطلاع ملنے پر سنگری ٹاپ وٹلب سوپور پر ایک ٹرک گاڑی زیر نمبر PB08-DG-0217 کو پکڑا جس میں سر سبز درخت کے 16 نگ پائے گئے جو غیر قانونی طور جنگل سے کاٹی گئی تھی، جن کی مقدار 102 مکعب فٹ بتائی جاتی ہیں، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے گاڑی کو لکڑی سمیت ضبط کیا اور گاڑی میں سوار دو غیر ریاستی سمگلروں کو بھی دبوچ لیا۔ بعد میں ان کی شناخت نثار احمد ولد بشیر احمد ساکنہ تھانہ منڈی راجوری اور دوسرا رنجیت سنگھ ولد مہندر سنگھ ساکنہ شیتل نگر جالندھر پنجاب کے بطور ہوئی۔ محکمہ جنگلات نے دونوں سمگلروں کو پولیس کے حوالے کیا اور ان کے خلاف کیس درج کیا۔