سرینگر//پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے شمالی ضلع بارہمولہ کے سوپور میں جبر کے الزام میں بھاجپا پنچ سمیت تین افراد کو گرفتار کیا۔
	 پولیس کے مطابق پولیس کو مدثر احمد شیخ نامی شہری کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ گذشتہ رات نامعلوم مسلح افراد ان کے سسرال والوں، واقع ہمدانیہ کالونی نادی ہل کے گھر میں گھس گئے اور اُن سے ہتھیار جنوبی کشمیر تک پہنچانے کا تقاضا کیا۔
	شکایت کنندہ کے مطابق جبری طور گھر میں گھسنے والوں نے افراد خانہ کے موبائیل فون بھی چھین لئے اور انہیں دھمکی دی کہ وہ کسی کے سامنے اس کا افشا نہ کریں۔
	اس سلسلے میں پولیس کے مطابق ایف آئی آر نمبر20زیر متعلقہ دفعات کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔دوران تحقیقات تکنیکی شواہد کی بنا پر ایک پنچ معراج الدین راتھر ولد حاجی محمد اکبر ساکن منی پورہ کرانکشیون سوپور کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا جو بی جے پی سے تعلق رکھتا ہے۔پوچھ تاچھ کے دوران بی جے پی پنچ نے نہ صرف اقبال جرم کیا بلکہ اس جرم میں ملوث تین مزید افراد کے بارے میں بھی پولیس کو جانکاری فراہم کی۔مذکورہ افراد میں محمد سلیم وانی ولد غلام رسول وانی ساکن ہردہ پورہ اچھہ بل اننت ناگ(سرپنچ)، بشیر احمد لون ولد محمد شعبان لون ساکن نادی ہل اور محمد دلاور خواجہ ولد ثنا اللہ خواجہ ساکن دچھن پورہ روہامہ شامل ہیں۔
	پولیس نے مذکورہ تین افراد کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا تاہم محمد سلیم ساکن اننت ناگ، جو بھاجپا کا سرپنچ بھی ہے، حاضر نہیں ہوااور وہ روپوش ہے۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ معراج اور سلیم نے لون ٹریڈرس سے روپے اینٹنے کا منصوبہ بنایا تھا۔معراج نے بشیر سے رابطہ کیا تھا اور اس نے دلاور کو بھی اس سازش میں شامل کیا تھا ۔پولیس کے مطابق تینوں سے ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہے۔