سوپور//قصبہ سوپور اور اس کے گرد نواح میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے سرکاری ایجنسیوں اور محکموں نے بار بار یہ دعویٰ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی تعداد میں کمی کرنے کیلئے مختلف طریقوں کو عملا یا جا رہا ہے تاہم زمینی سطح پر کچھ نظر نہیں آرہا ہے۔ ادھر کچھ روز قبل واڈورہ سوپور کے علاقہ میں آوارہ کتوں نے ایک چھ سالہ معصوم بچی ہادیہ مشتاق دختر مشتاق احمد ڈار کو حملے میںزخمی کردیا جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔ اسی طرح سے قصبہ کے دوسرے علاقوں میں بچوں سمیت درجنوں افراد کتوں کے حملوں میں زخمی ہوئے، جس سے علاقہ کے لوگوں میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ بزرگ، خواتین اور بچے اپنے گھروں سے باہر نکلنے میں خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ آوارہ کتوں کی سرگرمیاں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ وہ اب گاڑیوں پر بھی حملہ کرتے ہیں ۔ لوگوں نے آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر سرکار سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔