سرینگر/شمالی کشمیر کے ڈانگر پورہ سوپور میں جمعرات کوفورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا جبکہ فورسز آپریشن جاری ہے ۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ضلع بارہمولہ میں آج صبح شروع ہوئی اس معرکہ آرائی میں ابھی تک ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ معرکہ آرائی جاری ہے۔
اس سے قبل فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی مشترکہ ٹیم نے ضلع بارہمولہ میںسوپور کے ڈانگر پورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر گھر گھرتلاشی آپریشن شروع کیا۔
اس دوران کئی گھنٹوں کی تلاشی کے بعد چھپے جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی گولیائیں چلائیں اور یوں وہاں معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔
علاقے میں فورسز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی ہے جبکہ حکام نے موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔
آخری اطلاعات ملنے تک طرفین میں گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔