سرینگر//مسلم لیگ ،پیپلز لیگ کے دو دھڑوں اورلبریشن فرنٹ ( آر )نے امر گڑھ سوپور میں جاںبحق ہوئے جنگجوﺅ ں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جوانوں نے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے بیان میں کہا ہے کہ’ ہمارے جوان اپنے جائز حق کےلئے لڑتے ہیں جس پر قوم کو فخر ہے‘۔انہوں نے کہا بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نوجوانوں نے بندوق اُٹھائی اور اپنے خون سے جدوجہد آزادی کو سینچ رہے ہیں۔ لیگ کا ایک وفد پیر عبد المجید ، غلام حسن شاہ ، گلزار احمد اور دیگر زعماﺅں پر مشتمل ایک وفد نے سوپور جاکرجاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے عبوری چیر مین محمد مقبول صوفی نے جاں بحق ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے پرامن احتجاج کر رہے مظاہرین پر طاقت استعمال کرنے کی مذمت کی ۔ پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے شمع آزادی کو روشن کئے ہوئے ہیں ۔ بیان کے مطابق پیپلز لیگ کے مرکزی رہنماحاجی محمد رمضان اور صدر ضلع مشتاق احمد نے سوپور جاکر دانش احمد ڈار کے لواحقین سے تعزیت کی۔لبریشن فرنٹ (آر)ترجمان نے سوپور معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔