سوپور// قصبہ سوپور میں مزاحمتی قائدین کے احتجاجی پروگرام کے مطابق خواتین کا ایک بہت بڑا احتجاجی جلوس بر آمد ہوا جس میں انہوں نے اسلام وآزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔تفصیلات کے مطابق قصبہ سوپور کے بیشتر علاقوں جن میں بٹہ پورہ ، مسلم پیر، بابا یوسف ، خوشحال متو ، سنگرامپورہ ، جامع قدیم ، ہائی شاہ، شیر کالونی وغیرہ کے سینکڑوں خواتین نماز ظہر کے بعد مرکزی جامع مسجد میں جمع ہوئے اوراسلام و آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔جلوس قصبہ کے مختلف علاقوں سے گزرا اور آخر پر علاقہ خانقاہ معلی تک پہنچا اور وہاں خواتین نے جلوس سے خطاب کیا ۔ ادھر علاقہ زینہ گیر کے بوٹنگو میں بھی حریت پروگرام کے تحت نماز ظہر کے بعد خواتین کا ایک بڑا احتجاجی جلوس بر آمد ہوا ، جس میں خواتین فورسز کی جانب سے مسلسل زیادتیوں ظلم و جبر ، توڑ پھوڑ اور گرفتاریوں کے خلاف زبر دست مظاہرے کئے ۔دریں اثناء قصبہ سوپور میں گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔علاقہ جامع قدیم میں پولیس نے ایک مقامی باشندہ غلام نبی گوجری کو اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا جس سے احتجاجی جلوس میں شامل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔