سرینگر//وادی میں آتشزدگی کی مختلف وارداتوں میں 3رہائشی مکانات ، دکانیں اورگائو خانہ خاکستر ہوگئے ہیں۔سوپور میں آگ کی ایک واردات میں لاکھوں کا خانگی سامان تباہ ہو گیا ہے۔ ڈورو سے عارف بلوچ نے اطلاع دی ہے کہ کپرن حالن میں ایک پولیس اہلکار نصیر احمد ملک کا رہائشی مکان آگ کی ایک پُر اسرارواردات میں خاکستر ہو گیا ہے۔نصیر احمد ملک پولیس محکمہ میں بطور ایس پی او تعینات ہے۔موصوف کے رہائشی مکان میں اتوار و سوموار کی درمیانی شب اچانک آگ نمودار ہوئی ہے ،جس نے آنافاناََ مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔پولیس اہلکار کے بھائی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اتوار کی شب 11بجے مکان کی دوسری منزل سے کچھ آواز آئی اور ہم نے سمجھ لیا شائد بلی ہے جس کے نتیجے میںہم نے دھیان نہیں دیا‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ کچھ دیر بعدپڑوسیوں نے اُنہیں آوازدی کہ اُن کے گھر سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں اور ہم فوراً گھر سے باہر آئے ‘‘۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کا بھائی پولیس میں ہے اور شاید اسی لئے اُن کے گھر کو نشانہ بنایا گیا ۔ اس دوران محکمہ فائر سروس عملہ نے جائے موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روکا تاہم مکان کی ایک منزل خاکستر ہوگئی ۔،ڈورو پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ سوپور سے غلام محمد نے اطلاع دی ہے کہ پیر کی صبح کے سات بجے کے قریب وارپورہ سوپور میں عبدالرشید گنائی کے رہائشی مکان میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔معلوم ہواہے کہ مکان کی دوسری منزل پر کوئلہ موجود تھے جن سے آگ نمودار ہوئی۔ فائر سروس عملہ اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا مگر مکان میں آگ سے کافی نقصان پہنچا۔ادھر پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ کی ایک واردات میں ڈنگی وچھہ سوپور میں فیاض احمد ملہ ولدغلام محی الدین ملہ کے گائو خانہ خاکستر ہوگیا ۔ فائیر اینڈ ایمر جنسی سروس نے پولیس کی مددسے آگ پر قابو پالیا ۔ ایک اور واردات میں ہانگل گنڈ کوکرناگ اننت ناگ میں غلام محی الدین شیخ ولد غلام حسن شیخ کی دوکان میں آگ نمودارہوئی جس سے مذکورہ دوکان کو نقصان پہنچا۔گاندربل سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ لار سن گاندربل میں اُس وقت افرا تفری پھیل گئی جب حاجی محمد یوسف گنائی کا دو منزلہ رہائشی مکان آگ کی واردات میں خاکستر ہوگیا۔ دریں اثناء بٹہ پورہ شالہ ہر میں بھی آگ کی واردات میں گھاس کی کئی گچھیاں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں ۔