یو این آئی
چندی گڑھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگ نے بدھ کو رابرٹ وڈرا کے بیان کو ملک دشمن طاقتوں کی زبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ رابرٹ وڈرا ملک دشمن طاقتوں کے کہنے پر بول رہے ہیں۔ چگ نے کہا جب کہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے خود پہلگام حملے کو ہندوستان کی خودمختاری پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہیں، رابرٹ وڈرا – جو گاندھی خاندان میں صرف داماد کے طور پر جانے جاتے ہیں اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ متعدد تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں ، مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہیں۔ یہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ گاندھی خاندان کی سوچ کس طرف جھکی ہوئی ہے۔ چگ نے کہاکہ”رابرٹ وڈرا کا ملک دشمن طاقتوں کے ذریعہ اسپانسر شدہ نسل کشی کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانا صرف سیاسی حماقت نہیں ہے، بلکہ یہ ملک کی یکجہتی کے خلاف ایک منصوبہ بند بیان ہے۔ وڈرا کا بیان کانگریس صدر کے الفاظ کے بالکل برعکس ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ گاندھی خاندان کے اندر بھی ملک مخالف سوچ غالب ہے۔” انہوں نے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی وڈرا کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی وڈرا کے ان ملک مخالف خیالات پر اپنا موقف عوامی طور پر واضح کریں۔