سرینگر//کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی جو کشمیر کے نجی دورے پر ہیں، نے اتوار کو یہاں ڈل جھیل میں مشہور تیرتے سبزی مارکیٹ کے علاوہ نشاط اور شالیمار کا دورہ کیا۔راہول گاندھی، جو اس وقت لداخ کا آٹھ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد کشمیر میں بھی ہیں، اپنی والدہ سونیا گاندھی کیساتھ اکٹھے نگین میں قیام پذیر ہیں۔دونوں نجی دورے پر کشمیر آئے ہیں۔انکے ساتھ پرینکا گاندھی کے خاوندرابرٹ واڈرا بھی آئے تھے تاہم وہ اتوار کو واپس نئی دہلی چلے گئے۔کشمیر عظمیٰ کو ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے سنیچر کی شام نہرو پارک کے نزدیک مارکیٹ کا دورہ کیا اور کچھ دیر تک مارکیٹ میں خریداری کرنے کی کوشش کی۔ذرائع نے بتایا کہ اتوار علی الصبح قریب 5بجے سونیا اور راہل گاندھی دونوں نے شکارا میں ڈل جھیل میں معروف ’تیرتے سبزی مارکیٹ‘ بمقام گدر کا دورہ کیا اور یہاں قریب ایک گھنٹے تک سبزی مارکیٹ میں ہورہی منفرد قسم کی خرید و فروخت کا مشاہدہ کیا۔ذرائع سے معلوم ہوا کہ اس موقعہ پر سونیا اور راہل گاندھی کوکانڈ محلہ گدر میں تیرتے سبزی مارکیٹ کے صدر غلام رسول کانڈ نے گھر آنے کی دعوت دی جو دونوں نے فوراً قبول کی اور غلام رسول کے گھر میں چائے پینے کیلئے گئے۔قریب ڈیڑھ گھنٹے تک ڈل جھیل اور تیرتے سبزی مارکیٹ کا دورہ کرنے کے بعد دونوں نگین واپس آگئے۔معلوم ہوا ہے کہ دونوں نے ضلع انتظامیہ سے مخدوم صاحبؒ زیارت اور ہاری پربت جانے کی اجازت طلب کی تھی تاہم اتوار کو انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔کانگرس کے سابق ریاستی صدر غلام احمد میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ حکام اسکی اجازت پیر کو دے لیکن اتوار کو اسکی اجازت سیکورٹی کی وجہ سے نہیں دی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ دن کے قریب 10بجے سونیا گاندگی اور راہل گاندھی پہلے نشاط باغ اور اسکے بعد شالیمار چلے گئے اور دو گھنٹے کے بعد قریب 12بجے واپس آگئے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسکے بعد شام دیر گئے تک دونوں نگین میں آرام کرتے رہے۔غلام احمد میر نے مزید بتایا کہ دونوں ماں بیٹے کی آج پیر کو بھی کچھ مصروفیات رہیں گی لیکن پردیش گانریس کے کسی لیڈر یا تنظیمی عہدیدار کیساتھ کوئی میٹنگ یا بالمشافہ بات چیت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دونوں 29کو واپس نئی دہلی روانہ ہونگے۔میر نے کہا کہ سونیا اور راہل گاندھی کا یہ خالصتاً نجی دورہ ہے اور وہ ان مقامات پر جانے کا ارادہ رکھتے تھے جہاں آنجہانی اندرا گاندھی جایا کرتی تھی۔