سرینگر//مختلف معاملات کے تعلق سے سونہ وار علاقے کی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کو عوام کی راحت رسانی کے لئے یہ سارے معاملات فوری طورحل کرنے کی ہدایت دی ہے۔صوبائی کمشنر نے سونہ وار علاقے کے مختلف معاملات کاجائزہ لینے کے دوران یہ ہدایات دیں۔اس سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ سونہ وار سے پانتہ چھوک سڑک کی انتہائی خستہ حالت میں ہے جس کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ ٹریفک حادثات کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔جی پی پنت ہسپتا ل کے پاس سوریج اورڈرنیج کا مسئلہ بھی پید ا ہوتا ہے۔صوبائی کمشنر نے بیکن انجینئروں اوردیگر متعلقہ آفیسران کو سونہ وار سے پانتہ چھوک سڑک کی فوری مرمت وتجدید کرنے اورمیکڈم بچھانے کا کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔بصیر احمد خان نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کو کام کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنرسرینگر،سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ،اے ڈی سی،کمشنرایس ایم سی ،بیکن انجینئر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔