سرینگر//اقبال کالونی سونہ واراور عید گاہ کے کئی علاقوں میں بارشوں کے پانی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں مکانوں کے اندر پانی چلے جانے کا خطرہ ہے ۔ پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہاں ڈرینج سسٹم پوری طرح نا کارہ ہو گیا اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ گلی کوچوں میں پانی جمع ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی پیدل آواجاہی ناممکن بنی ہے جبکہ گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پرسوارلوگوں کوبھی سیلاب جیسی صورتحال سے دوچارہوناپڑرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ برسوں سے ناکارہ پڑے نکاسی آب کے نظام میں موجودخامیوں اورکمزوریوں کودورکرنے کی طرف آج تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کالونی میںاس قدر پانی جمع ہوگیا ہے کہ نہ صرف گلی کوچے بلکہ مکانوں کے اندر پانی چلے جانے کا خطرہ ہے ۔لوگوں نے علاقے میں موٹر نصب کرکے پانی کی فوری نکاسی کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر عید گاہ علاقہ میں پمپوش کالونی ،پالپورہ اور سنگم کے لوگوں نے شکایت کی کہ گذشتہ4روز سے وہاں گلی کوچوں میں بارشوں کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے شہری آبادی کا گھروں سے نکلنا محال بن گیا ہے ۔ رہایشیوںنے بارشوں کے بعدعلاقہ میںسیلاب جیسی صورتحال پیداہونے کیلئے محکمہ یوای ای ڈی ،سرینگرمیونسپل کارپوریشن ،سرینگرڈیولپمنٹ اتھارٹی اورضلعی انتظامیہ کوذمہ دارٹھہراتے ہوئے کہاکہ گذشتہ 4دنوں سے یہاں پانی کی نکاسی نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی سرکاری اہلکار آیا۔مقامی آبادی نے ایم ایل اے مبارک گل سے فوری مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لوگوں کی فریاد اپنی نوٹس میں لاتے ہوئے بروقت اپنی توجہ مبذول کریں۔