کنگن/ / جمعہ کو بالائی علاقوں میں بعد دوپہر سے ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارشوں کے ساتھ ساتھ زوجیلا اور سونہ مرگ کے اوپری پہاڑوں پر ہلکی اور تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سونہ مرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بعد دوپہر سے شدید سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے ۔جمعہ کو بعد دوپہر سے موسم نے اچانک کروٹ بدل لی جس کے ساتھ ہی سونہ مرگ ،گمری، اور زوجیلا میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔کشمیر عظمیٰ کوملی اطلاعات کے مطابق زوجیلا ،گمری ،سونہ مرگ اور گگن گیر کے اوپری پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے اور ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کیا ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز زوجیلا، سونہ مرگ ،گمری شامل ہے میں ہلکی برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی لہر شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آج سے موسم خشک رہے گا ۔