کنگن//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کے مطابق موسم سازگار رہنے کی صورت میں اگلے ہفتے سیاحتی مقام سونہ مرگ کو سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا ۔سیاحوں کی آمد میں اضافے کے ساتھ ہی سونہ مرگ کے ہوٹل مالکان اور اس سے وابستہ افراد نے گذشتہ ہفتے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ سونہ مرگ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے تاکہ سونہ مرگ کی طرف آنے والے سیاح یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ہوٹل مالکان نے نتظامیہ سے مطالبہ کیا تھاکہ ہوٹلوں میں بکنگ مارچ سے شروع ہورہی ہے اور اگر شاہراہ کو بحال نہیں کیا گیا تو ان کو نقصان سے دوچار ہونا پڑے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سونہ مرگ کو آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سونہ مرگ میں اس وقت ایک فٹ برف موجود ہے لیکن سونہ مرگ کو آمدورفت کے لئے بحال ہونے سے قبل وہاں پارکنگ، بجلی، پینے کا پانی، مواصلاتی نظام اور طبی سہولیات دستیاب ہونی چاہئیں تاکہ وہاں جانے والے سیاحوں کو کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ترقیاتی کمشنر گاندربل نے مزید بتایا کہ پہلے وہاں ہوٹل کھلنے چاہئیں تاکہ سیاحوں کو کھانے پینے کی سہولیات میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جل شکتی، پی ڈی ڈی، سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، شعبہ صحت اور بی ایس این ایل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متحرک ہوجائیں اور وہاں اپنے اپنے کام بحال کریں تاکہ سیاحوں کو کسی طرح کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سنیچر کو اس سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد کی جارہی ہے جس میں ہوٹل ایسوسی ایشن کے ایک وفد کو بھی بلایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اگلے ہفتے تک یہ سارا کام مکمل کرکے سونہ مرگ کو آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اگلے سال جولائی تک زیڈ مور ٹنل کا کام مکمل ہونے کی توقع کی جارہی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ گلمرگ کی طرح سونہ مرگ میں سرمائی کھیلوں کا انعقاد کیا جائے۔