عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے موسمی انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مضبوط مغربی ہوائوں کا مرحلہ رات تک جموں و کشمیر پر اثر انداز ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 36-48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسلادھار بارش/برفباری متوقع ہے۔انہوں نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں اور کشمیر دونوں خطوں کے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ اونچائی پر بھاری برفباری کا امکان ہے۔اس مدت کے دوران گلمرگ، سونمرگ، دودھ پتھری اور پہلگام میں موسم کی پہلی برف باری متوقع ہے۔پیر کو دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی کیونکہ تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 8اکتوبر تک پیر پنچال کے آر پار برف و باراں کا امکان ہے۔لیکن 6اور 7اکتوبر کو اسکا زیادہ اثر رہنے کا امکان ہے۔محکمہ مسمیات کے مطابق اتوار کو وادی کشمیر میں ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ کئی بالائی علاقوں خاص طو رپر زوجیلا اور زیر و پوانٹ سونہ مرگ میں تازہ ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں جموں کشمیرپر اثر اندوز ہو رہی ہیںجس سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آسکتی ہے ۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات مختار احمد نے بتایا کہ آج یعنی 6اکتوبر کو وادی کے میدانی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ منگل یعنی 7اکتوبر کو بارشیں ہونگیں جن کا سلسلہ 8اکتوبر کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔