غلام نبی رینہ
کنگن// سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سونمرگ کے مخصوص علاقوں میں سنو بائیکس چلانے کی اجازت دی ہے۔ اس اقدام سے علاقے میں موسم سرما کی سیاحت کو نمایاں فروغ ملنے کی امید ہے۔ بائیکرس نے مطلوبہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے اور سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو فی بائیک 75000ہزار روپے فیس ادا کرنے کے بعد یہ اجازت حاصل کی ہے۔ یہ اجازت موجودہ موسم سرما کے لیے کارآمد ہے، جو کہ مناسب برف باری پر منحصر ہے، اور آئندہ سیزن کے لیے قابل تجدید ہے۔ سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ذمہ دارانہ اور محفوظ آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے جامع ہدایات جاری کی ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ سنو بائیکرس کی سرگرمیوں کے دوران کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ آپریٹرز کو سونمرگ میں پالی تھین کے استعمال پر سختی سے پابندی کے ساتھ، ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے، صرف جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند افراد کو سنو بائیکس چلانے یا سوار ہونے کی اجازت ہوگی، اور آپریشن کے دوران تکنیکی عملہ موجود ہونا چاہیے۔ خراب موسم یا برفانی طوفان کے دوران سنو بائیکس کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ماحولیات پر اثرات کو کم کرنے کے لیے، تمام سنو بائیکرس میں آلودگی کنٹرول سیف گارڈ کٹس نصب ہونی چاہیں۔ روزانہ چلنے والی سنو بائیکرس کی تعداد کو ایک روسٹر سسٹم کے ذریعے ریگولیٹ کیا جائے گا۔ ایس ڈی اے، مقامی ٹورسٹ پولیس کے ساتھ مل کر، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیوں کی نگرانی کرے گا کہ شرائط و ضوابط کی پاسداری کی جائے، خاص طور پر منظور شدہ راستوں پر عمل درآمد پر توجہ دی جائے گی۔ درست رجسٹریشن ٹوکن کے بغیر سنو بائیکس چلانا سختی سے منع ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور مزید کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈی ایف او وائلڈ لائف پرویز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وائلڈ لائف کے حدود میں سنو بائیکس چلانیکی اجازت نہیں ہے۔