غلام نبی رینہ
کنگن//سونہ مرگ کی طرف زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سرمائی کھیلوں کااہتمام کررہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو افسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر الیاس حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سونہ مرگ میں سرمائی کھیلوں میں مقامی نوجوانوں کو بھی شامل کیا جارہا ہے تاکہ سیاح موسم سرما میں یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکیں ۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل کو پہلے ہی مطلع کیا گیا ہے کہ اپنے ہوٹلوں میں تمام سہولیات دستیاب رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ برفباری کے دوران یہاں بجلی اور پانی کی سپلائی میں کوئی دقت نہ آئے اس سلسلے میں محکمہ سیاحت کوشش کررہی ہے۔سی ای او سونہ مرگ نے بتایا کہ اگلے تین ہفتوں میں سونہ مرگ کے کئی مقامات پر سی سی ٹی وی نصب کئے جارہے ہیں تاکہ غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں پر نظر گزر رکھی جاسکے اور سونہ مرگ کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جائے۔معلوم رہے کہ گذشتہ دو برس سے صحت افزا مقام سونہ مرگ کو دیگر سیاحتی مقامات کی طرح موسم سرما میں کھلا رکھا جاتا ہے تاکہ وادی کشمیر کی سیرو تفریح پر آنے والے سیاح سونہ مرگ میں برفباری سے لطف اندوز ہوسکیں ۔سونہ مرگ کو موسم سرما کے دوران کھلا رکھنے کے لئے مرکزی سرکار نے گگن گیر سے شتکڑی تک تقریباً6کلو میٹر زیڈ مور ٹنل تعمیر کی ہے جس کا تقریباً 90فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔