راجا ارشاد احمد
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کل ضلع گاندر بل میں شہری سہولیات کو بہتر بنانے اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے کئی اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے ڈاک بنگلہ فتح پورہ ۔ گڈورہ روڈ کی اپ گریڈیشن اور چوڑائی کے منصوبے کا افتتاح کیا جس کی لاگت 5.2 کروڑ روپے ہے ، جبکہ شیر پتھری بلاک میں مختلف لنک روڈز کی اپ گریڈیشن کے 8.9 کروڑ روپے کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ای افتتاح کے ذریعے پینے کے صاف پانی کے کئی بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں 119.16 لاکھ روپے کی لاگت والا ڈبلیو ایس ایس گگن گیر میں 70 ہزار گیلن کی گنجائش والا سلو سینڈ فلٹریشن پلانٹ ، 108.09 لاکھ روپے کی لاگت والا ڈبلیو ایس ایس فراوہ بکنر میں 30 ہزار گیلن کی گنجائش والا سلو سینڈ فلٹریشن پلانٹ بمعہ ریزروائرز اور ٹریٹمنٹ یونٹ اور 121.20 لاکھ روپے کی لاگت والا ڈبلیو ایس ایس ریزن میں 60 ہزار گیلن کی گنجائش والا سلو سینڈ فلٹریشن پلانٹ بمعہ پائپ نیٹ ورک اور متعلقہ بنیادی ڈھانچہ شامل ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے کانسی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ ( سی ڈی ایف ) سے واٹر ٹینکرز بھی منظور کئے ، گاندر بل بازار کو رش سے نجات دلانے کا وعدہ کیا اور سونہ مرگ کو ونٹر سپورٹس سرگرمیوں اور سیاحت کیلئے ترقی دینے پر زور دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سونہ مرگ کو کشمیر میں گلمرگ اور پہلگام کے علاوہ ایک اور بڑا موسم سرما سیاحت کا مقام بنانے کیلئے تمام ضروری کوششیں کی جائیں ۔
انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بھی ہدایت دی کہ سونہ مرگ کے ماحولیاتی طور پر نازک علاقے میں کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کی جانچ پڑتال کر کے انہیں روکا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے بعد میں متعدد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں گاندر بل ٹاؤن میں384 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت والے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی ری ویمپنگ کے ساتھ این جی ڈی 4 کا مشترکہ پری سیٹلنگ ٹینک ، بٹپورہ لار میں 181.06 لاکھ روپے کی لاگت والا سپرنگ ناگہ محلہ شلار سے ڈب تک جوڑنے والی سڑک کی اپ گریڈیشن ، 172 لاکھ روپے کی لاگت سے نُنر ( ایف پی او پارک ) میں ماڈل فلوری کلچر سینٹر کا قیام اور 308.12 لاکھ روپے کی لاگت سے این ایف ایس ایف مانسبل میں تالابوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے ۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے ضلع کا جامع جائیزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر گاندر بل نے مختلف شعبوں میں ترقی کے حوالے سے تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ کسانوں میں فصل بیمہ یوجنا اور دیگر سرکاری اسکیموں کے بارے میں مناسب آگاہی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ پرائمری سکول کی سطح پر ڈراپ آؤٹ ریٹ کو صفر کیا جائے اور ایسے کیسز میں اساتذہ کو تعینات کیا جائے تا کہ مسئلے کی جڑ کا پتہ چلایا جا سکے ۔ انہوں نے یہ بھی جاننے کی ہدایت دی کہ کیا سمارٹ کلاس رومز کے متعارف ہونے سے تعلیم کے معیار میں حقیقی بہتری آئی ہے یا نہیں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ سے خریدی گئی ایمبو لینس کی رجسٹریشن فوری مکمل کر کے اسے بغیر کسی تاخیر کے اپریشنل بنایا جائے ۔ اسی طرح انہوں نے محکمہ صحت اور آر اینڈ بی الیکٹرک ونگ کو حکم دیا کہ خریدی گئی سی ٹی اسکین مشین کے زیر التوا سول اور برقی کام جلد مکمل کر کے اسے جلد سے جلد اپریشنل بنایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع ہسپتال گاندر بل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سی ڈی ایف کے تحت خریدی گئی ایک جدید الٹرا ساؤنڈ مشین کا افتتاح کیا اور اسے عوام کیلئے وقف کیا ۔