شعظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ موسمیاتی کارکن سونم وانگچک اور ان کے ساتھیوں کو حراست سے رہا کر دیا گیا ہے۔سینئر لا آفیسر نے یہ بھی کہا کہ دہلی پولیس کے حکم نامے کو بھی واپس لے لیا گیا ہے جس میں دہلی کے مختلف حصوں میں اسمبلی اور احتجاج پر پابندی تھی۔مہتا نے یہ بیان چیف جسٹس منموہن اور جسٹس تشار را گیڈیلا کی بنچ کے سامنے دیا۔بنچ ان درخواستوں کی سماعت کر رہی تھی جس میں وانگچک اور اس کے ساتھیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ امتناعی حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔لداخ کے لگ بھگ 120افراد بشمول وانگچک کو پولیس نے پیر کی رات دہلی کی سرحد پر حراست میں لیا جب لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کرنے کے لیے دارالحکومت کی طرف مارچ کر رہے تھے۔چھٹا شیڈولآسام، میگھالیہ، تریپورہ اور میزورم کے قبائلی علاقوں کی انتظامیہ سے متعلق ہے جو کہ “خودمختار اضلاع اور خود مختار علاقوں” کے طور پر ہیں۔وانگچک ایک ماہ قبل لیہہ سے شروع ہونے والی ’دہلی چلو پد یاترا ‘مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔