عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اسٹاکسٹس کی منافع بکنگ اور عالمی منڈیوں میں سست روی کی وجہ سے جمعرات کو قومی دارالحکومت نئی دہلی میں سونے کی قیمت 1,400روپے کم ہوکر 99,620روپے فی 10 گرام ہوگئی۔دہلی میں 99.5فیصد خالص سونا جمعرات کو 1200روپے گر کر 99250روپے فی 10گرام(تمام ٹیکسوں سمیت)پر آگیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق چاندی کی قیمت جمعرات کو 3,000روپے گر کر 1,15,000روپے فی کلوگرام (تمام ٹیکسوں سمیت)پر پہنچ گئی جبکہ بدھ کو 4,000روپئے کی تیزی سے 1,18,000روپے فی کلوگرام بلند ترین سطح کو چھو لیا تھا۔دریں اثنا، بین الاقوامی منڈیوں میں سپاٹ گولڈ کی قیمت 24.35امریکی ڈالر یا 0.72فیصد گر کر 3,362.88ڈالر فی اونس ہوگئی۔ایچ ڈی ایف سی سیکیورٹیز میں کموڈٹیز کے سینئر تجزیہ کار سومل گاندھی نے کہا’’سونا پانچ ہفتے کی بلند ترین سطح سے پیچھے ہٹ گیا اور جمعرات کو مسلسل گرتا رہا کیونکہ امریکہ اور اس کے بڑے تجارتی شراکت داروں کے درمیان تجارتی معاہدے کے حوالے سے امید نے محفوظ پناہ گاہوں کے اثاثوں کی مانگ کو کم کر دیا‘‘۔