سوناواری//سوناواری کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور عوام کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔نوگام،گونشہ پورہ اور شغل پورہ کی آبادی ایک سال سے زائد عرصے سے پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہیں۔ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو پینے کے پانی کی سپلائی سونہ برن اندرکوٹ سوناواری کے ٹیوب ویل سے فراہم کی جاتی تھی جس میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی واقع ہونے سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے پرانے ٹیوب ویل کے قریب ہی دوسرے ٹیوب ویل کیلئے کھدائی کی تاکہ پینے کے پانی کی سپلائی متاثر نہ ہوپائے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ ٹیوب ویل مکمل ہوالیکن پائپیں اس کے ساتھ نہیں جوڑدی گئیں جس کا خمیازہ آبادی کوبھگتنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق اس وقت نوگام کی آبادی کو چار کلومیٹر کی دوری سے پینے کا پانی حاصل کرنا پڑتا ہے ۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے چیف انجینئر عبدالوحید نے گزشتہ دنوں کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ دسمبر کی 25 تاریخ تک کام مکمل کرکے لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا تاہم ابھی تک مقامی آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے۔ اس حوالے سے جب چیف انجینئر عبدالوحید سے دوبارہ رابطہ کیا گیا تو انہوں نے امید ظاہر کی کہ چند روز کے اندر پینے کے پانی کی سپلائی بحال کردی جائے گی۔