عظمیٰ نیوز سروس
ماسکو //روس کے مشرق بعید میں واقع جزیرہ نما کمچاتکا کے ساحل پر 8.8 شدت کا زلزلہ آیا جو اس علاقے میں 1952 کے بعد کا سب سے طاقتور زلزلہ ہے، زلزلے نے عمارتوں کو نقصان پہنچایا اور 4 میٹر (13 فٹ) تک بلند سونامی لہریں پیدا کیں، جس کے بعد بحر الکاہل کے پار مختلف خطوں میں وارننگ اور انخلا کے احکامات جاری کردیے گئے۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں دور افتادہ روسی علاقے میں کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ 2011 کے زلزلے اور سونامی سے تباہ ہونے والے جاپان کے مشرقی ساحلی علاقوں میں انخلا کے احکامات جاری کیے گئے۔کمچاتکا کے گورنر ولادیمیر سولوڈوف نے ٹیلیگرام پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ زلزلہ انتہائی سنگین تھا اور کئی دہائیوں میں سب سے شدید جھٹکا تھا‘۔ریجنل ایمرجنسی وزیر سرگئی لیبیڈیف نے کہا کہ کمچاتکا کے مختلف حصوں میں 3 سے 4 میٹر (10 سے 13 فٹ) بلند سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئی ہے اور لوگوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت کی۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی گہرائی صرف 19.3 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز پیٹرو پاووسک-کمچاتسکی شہر سے 119 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق میں واقع تھا، ادارے نے ابتدا میں شدت 8.0 بتائی تھی، بعد ازاں اسے 8.8 تک بڑھا دیا جبکہ فوراً بعد 6.9 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔کمچاتکا کی جیوفزیکل سروس نے کہا کہ 1952 کے بعد کا سب سے شدید زلزلہ کمچاتکا کے زلزلہ خیز علاقے میں آیا ہے، اس نوعیت کے زلزلے کے بعد 7.5 شدت تک کے شدید آفٹر شاکس کی توقع کی جا سکتی ہے۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے وارننگ کو مزید سخت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سونامی کی 3 میٹر (10 فٹ) تک لہریں بڑے ساحلی علاقوں تک پہنچنے کی توقع کر رہی ہے۔جاپان میں بحرالکاہل کے ساحلی شہروں میں سونامی کے الارم بجائے گئے اور حکام نے لوگوں کو اونچے مقامات کی طرف جانے کی ہدایت کی۔ہوائی شہر میں بھی ساحلی علاقوں سے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے۔میکسیکو کی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ مغرب میں باجا کیلیفورنیا سے لے کر جنوب میں چیاپاس تک بندرگاہوں پر تیز بحری لہریں متوقع ہیں۔پیرو نے بھی سونامی کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے ۔چین کے سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ اس کے مشرقی ساحلی علاقوں میں 30 سینٹی میٹر سے ایک میٹر تک لہریں متوقع ہیں۔