کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹھنڈی پورہ کرالہ پورہ میں 22سالہ سو مو ڈرائیور آ صف اقبال بٹ کی ہلاکت کے خلاف پیر کو دوسرے روز بھی کرالہ پورہ میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ ان کے آ بائی گاﺅ ں ٹھنڈی پورہ میں تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری رہا ۔آصف کی ہلاکت پر جہا ں ٹھنڈی پورہ دوسرے روز بھی غم میں ڈوبا ہوا رہا۔ کرالہ پورہ قصبہ میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔قصبہ میں دکانیں بند رہیں اور تمام تجارتی سر گرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں ۔امن و مان بر قرار رکھنے کے لئے علاقہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔اس دوران مقامی لوگو ں اور لواحقین نے فوج کے اس بیان پر سخت افسو س کا اظہار کیا جسمیں فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف جنگجوﺅ ں اور فوج کے درمیان گولیو ں کے تبادلے میں مارا گیا ۔لواحقین نے اس بات کا خدشہ ظا ہر کیا کہ فوج نے عین اس وقت اپنا بیان دیا جب پولیس نے واقعہ کے خلاف اقدام قتل کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے تاکہ قصوروارو ں کو بچایا جائے ۔لواحقین نے بتا یا کہ اس بیان سے ان کے زخموں پرمرہم کے بجائے نمک چھڑکی گئی۔