سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے سول سروسز امتحان میں ریاست کا نام روشن کرنے والے 14کامیاب اُمیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں سول سروز امتحان میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے کامیاب ہونے والے اُمیدوروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لڑکے اور لڑکیاں اس بار اس امتحان میں پیچھے رہ گئے انہیںمحنت اور مشقت جاری رکھنی چاہئے ۔ادھر ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے ہر ی پورہ لنگیٹ کے بلال محی الدین بٹ کے گھر جا کر اُن کے اہل خانہ کو ڈاکٹر بلال کی طرف سے IASامتحان میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دے دی۔ اس موقعہ پر انجینئر رشید نے کہا کہ ڈاکٹر بلال کی شاندار کارکردگی سے نہ صرف لنگیٹ بلکہ پوری ریاست کے لوگوں کا سر فخر سے اونچا ہو گیا ۔ اس موقعہ پر انجینئر رشید نے کہا کہ بلال اور دیگر نوجوانوں نے جس طرح پورے ہندوستان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا اس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ کشمیری نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں بشرطیکہ انہیں اپنے ہنر دکھانے کا معقول موقعہ فراہم کیا جا سکے ۔