عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے اپنے سابق فوجیوں بیواؤں اور ویر ناریوں کی فلاح و بہبود کے تسلسل میں راجوری کے سولکی علاقے میں ایک خصوصی تعارفی نشست کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے مسائل، تجربات اور تجاویز کو سننا اور ان کے ساتھ فوج کے دیرینہ رشتے کو مزید مضبوط بنانا تھا۔اس موقع پر کل 11 سابق فوجیوں اور ایک بیوہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارتی فوج کے فلاحی اقدامات اور مسلسل تعاون پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا، خاص طور پر اْن مواقع پر جب انہیں ضرورت کے وقت فوج کی جانب سے بروقت مدد فراہم کی گئی۔پروگرام کے دوران فوجی نمائندوں نے کہا کہ بھارتی فوج اپنے ریٹائرڈ اہلکاروں، شہداء کے اہلِ خانہ اور ویر ناریوں کے احترام، وقار اور فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ معاشرتی سطح پر محفوظ اور باعزت زندگی گزار سکیں۔اس موقع پر شرکاء نے فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف سابق فوجیوں کو حوصلہ دیتے ہیں بلکہ انہیں یہ احساس بھی دلاتے ہیں کہ وہ آج بھی فوجی برادری کا لازمی حصہ ہیں۔فوجی حکام نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی تاکہ سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ باہمی اعتماد اور تعاون کا یہ رشتہ مزید مضبوط ہو۔