سرینگر// سولنہ سرینگر میں میکنکل ٹرانسفارمر ورکشاپ میں آگ کی ایک واردات میں کئی ٹرانسفارمروں اور احاطے میں موجود کئی چناروںکو نقصان پہنچا۔ ہفتہ کی صبح سولنہ سرینگر میں میںمیکنیکل ٹرانسفارمر ورکشاپ سے اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ورکشاپ کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورکشاپ میں موجود الیکڑیکل اشیا ء اوربجلی ٹرانسفارمروں کیلئے مخصوص تیل کے نتیجے میں آگ تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دور دور سے اس کے شعلے نظر آرہے تھے۔سی این ایس کے مطابق آگ کی تپش کی وجہ سے 12ٹرانسفارمرس جل گئے اور ورک شاپ کے احاطے میں چنار کے متعدد درختوں کو بھی نقصان پہنچا ۔اس کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز جائے واردات پرپہنچ گئی اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ادھر محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کا کہنا ہے کہ آ گ سے ہوئے نقصان کا فوری تخمینہ لگانا ممکن نہیں اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور معلوم نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے دوران فائرسروس عملے کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور تقریبا دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی نسبت پو لیس نے بھی کیس درج کر لیا ہے ۔