عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو واضح کیا کہ غریب گھرانوںکیلئے 200 یونٹ مفت بجلی دینے کے اس کے وعدے کو چھت پر شمسی پینل لگانے کے بعد ہی لاگو کیا جائے گا۔ اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، جموں و کشمیر حکومت نے واضح کیا کہ غریب ترین گھرانوں کے لیے مفت بجلی کے 200 یونٹ کا وعدہ پی ایم سوریہ گھر: مفت بجلی یوجنا کے تحت چھت پر شمسی نظام کی تنصیب کے بعد ہی عمل میں آئے گا۔یہ وضاحت پی ڈی پی ایم ایل اے وحید الرحمان پرہ کے اسمبلی میں اٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں سامنے آئی۔حکومت نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد صرف انٹیودیا انا یوجنا (AAY) خاندانوں کے لیے ہے ،جو اقتصادی لکیر کے نیچے ہیں۔ حکومت نے ایوان کو بتایا کہ اس سکیم کے لیے جموں و کشمیر میں 2.22 لاکھ AAY خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ہر گھر کو 2 کلو واٹ کا روف ٹاپ سولر پلانٹ فراہم کیا جائے گا، جس سے وہ سسٹم کے فعال ہونے کے بعد ہر ماہ 200 یونٹ مفت بجلی حاصل کر سکیں گے۔حکومت نے مزید کہا کہ نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت نے اس منصوبے کے لیے اصولی منظوری دے دی ہے، جسے RESCO/Utility-Led Aggregation ماڈل کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس اور ٹینڈرنگ کو فی الحال حتمی شکل دی جارہی ہے۔ جواب میں کہا گیا کہ “عمل جاری ہے، اور لازمی منظوریوں کی تکمیل کے بعد جلد ہی اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔”جاری بجلی کی اصلاحات پر ایوان کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے، حکومت نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 6.52 لاکھ سمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں، جن میں RDSS اور PMDP سکیموں کے تحت پچھلے دو سالوں میں 2.81 لاکھ شامل ہیں۔قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے، حکومت نے کہا کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب یا انتظام کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔یہ رول آئوٹ AMI سروس پرووائیڈرز کے ذریعے سخت ریگولیٹری نگرانی کے تحت کیا جا رہا ہے۔ تاہم اپوزیشن ارکان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بجلی کی بڑھتی قیمتوں اور موسم سرما کی مشکلات کے پیش نظر مفت بجلی کے وعدے پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنائے۔