جموں//خاتون اوّل اور ایسو سی ایشن آف سوشل ہیلتھ اِن انڈیا کے ریاستی برانچ کی صدر اوشا ووہرا کی صدارت میں راج بھون جموںمیں ایسو سی ایشن کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ایسو سی ایشن کی نائب صدر ششما چودھری ، سیکرٹری پروفیسر کیلاش راجپوت ،ایڈیشنل سیکرٹری سیما کھجوریہ ،جوائنٹ سیکرٹری نصرین خان اور پروفیسر وید گھائی کے علاوہ ایسو سی ایشن کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔میٹنگ میں ایسو سی ایشن کی طرف سے 2017-18ء میں ہاتھ میں لئے جانے والے نئے پروجیکٹوں اور سرگرمیوں کی نشاندہی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ممبران نے اوشا ووہرا کو خواتین کی بہبود ، ووکیشنل ایجوکیشن اور پسماندہ طبقوں کی بہبود کے لئے عملائے جارہے مختلف اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جگتی اور پنجگرین کی پنچایتوں میں تمام منتخبہ کاموں کو مکمل کیا گیا ہے اور ایسو سی ایشن نے چھبا ، ندرو اور مڈ میں نئی پنچایتوں میں بہبودی کام شروع کئے ہیں۔او شا ووہرا نے ممبران کو خواتین کو بااختیار بنانے اور لڑکیوںکو مختلف ہنروں کی تربیت دینے پر خصوصی توجہ دینے اور ’’نیہا گھر ‘‘ میں سیکورٹی کیمرے نصب کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے گورنر کی جانب سے ایسو سی ایشن کو بہبود ی کے کاموں کے لئے 8لاکھ 65ہزار روپے مالیت کا چیک بھی پیش کیا۔میٹنگ کی شروعات میں ممبران نے ایسو سی ایشن کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایس کے سنہا،ممبر ہربھجن کور اور ملک کے تحفظ کی ڈیوٹی پر مامور دیگر افسران اور جوانوں کی وفات پر تعزیت ظاہر کی۔ اس سلسلے میں مرحومین کے اعزا ز میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔