ڈوڈہ//عالمی یومِ ریڈکراس کے موقع پر سوشل ورکرس فورم ڈوڈہ کی طرف سے ضلع اسپتال ڈوڈہ کی پرانی عمارت میں ایک آنکھوں کے علاج کے لئے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں امراض چشم میں مبتلاء سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا گیا اوراُن کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر کمار نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرسی ایم او ڈوڈہ ڈاکڑ واجد علی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق مسعود، ڈاکٹر شبیر حسین پاٹیگڑو اورمعروف سماجی کارکن ڈاکٹرشاہد رحمن مغل کے علاوہ قصبہ کے متعدد دیگر معززین بھی موجود تھے۔ کیمپ کے لئے متعدد ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جنہوں نے مریضوں کا معائنہ کیا ،اُن کے لئے علاج تجویز کیا اور ضرورت مندوں کو مفت ادویات اور چشمے فراہم کئے گئے جب کہ پچاس سے زائد افراد کے منگل کے روز آپریشن کئے جائیں گے۔2001ء سے سوشل ورکرس فورم کی طرف سے سالانہ بنیادوں پر منعقد کروایا جانے والا یہ سترہواں مفت طبی کیمپ تھا جسے فورم کے بنیادی ارکان مرحوم عبدالطیف رنگریز، مرحوم محبوب حسن کرائپاک اور آنجہانی رومال سنگھ کے نام معنون کیا گیا جو گذشتہ برس انتقال کر گئے تھے۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے سوشیل ورکرس فورم کو 2001ء سے اب تک17 کامیاب کیمپوں کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اورفورم کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوسروں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لئے اپنامال اور وقت دینا ایک بہت بڑا کام ہے اور سوشیل ورکرس فورم ڈوڈہ یہی کام انجام دے رہا ہے جس کے لئے ہم اس کے شکر گذار ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس قسم کے کاموں کے لئے سوشیل ورکرس فورم کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے سماجی خدمات کے دائرہ کو وسیع کر سکے۔ اس موقع پر فورم کے چیئرمین راجہ عنایت اللہ نے کہا کہ سوشیل ورکرس فورم ایک خالص سماجی تنظیم ہے جس کا مقصد ضلع ڈوڈہ کے غریب لوگوں کی خدمت کرنا ہے اورکسی سیاست یا سیاسی پارٹی سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سالانہ بنیادوں پر منعقد کروائے جانے والے اس مفت طبی کیمپ کے لئے فورم کے ساٹھ مستقل اراکین ایک مخصوص رقم فراہم کرتے ہیں اس کے علاوہ کسی سے کوئی امداد نہیں لی جاتی اور گذشتہ 17برسوں کے دوران امراضِ چشم میں مبتلاء ہزاروں لوگوںکا ماہر ڈاکٹروں سے مفت علاج کروایا گیا ہے جب کہ سینکڑوں لوگوں کے مفت آپریشن کروائے گئے ہیں۔اُنہوں نے مرحوم عبدالطیف رنگریز ،مرحوم محبوب حسن کرائپاک اور آنجہانی رومال سنگھ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔