راولپنڈی//کشمیر میں سوشل میڈیا پر پابندیوں ،طالب علموں ،صحافیوں اور عام کشمیریوںپرطاقت کا استعمال کرنے کے خلاف سنیچرکو نیشنل پریس کلب راولپنڈی کیمپ آفس کے سامنے کشمیر جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں راولپنڈی، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ( دستور) کے عہدیداران مظہر اقبال ، خاور نواز راجہ ، سنٹرل یونین آف جرنلسٹس آزادکشمیر کے ممبران سمیت الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرکشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر عابد خورشید ، سینئر صحافی سردار عاشق خان، بشارت عباسی، سیکرٹری اطلاعات نثار کیانی، سیکریٹری مالیات راجہ ماجد افسر ، اقبال اعوان ،یونس بیگ ، دانش ارشاد ، عبدالعزیز ڈینگو، راجہ شفیق ، اورکبیر خان نے بھی خطاب کیا ۔شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سوشل میڈیا پر پابندیاں ختم کرنے کے مطالبات درج تھے ۔شرکاء نے کہا کہ کشمیر میں سوشل میڈیا پر قدغن اظہار رائے پر پابندی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ مظاہرین نے سوشل میڈیا پر عائد پابندی ختم کرنے اور میڈیا پر سنسر شپ کے تحت عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔