حسین محتشم
پونچھ//سوشل میڈیا پر عزاداری امام حسین کے متعلق ایک گستاخانہ ویڈیو وائریل ہونے پر پونچھ کے سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتشار پھیلانے کا ایک شر پسندانہ سازش ہے۔اس حوالے سے سول سوسائٹی ممبران انجمن جعفریہ پونچھ اور مختلف سنی شیعہ تنظیموں کے عہدے داران کی ایک اہم میٹنگ امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں منعقد ہوئی جہاں اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقع پر ایک تحریری یاداشت لکھی گئی جس میں اعلی حکام سے اپیل کی گئی کہ ایسی ویڈیو وائرل کرنے والے افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔بعد ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی جہاں پونچھ کے معروف شخصیات تاج میر، ایڈوکیٹ محمد زمان،مقصود احمد قلی، سید نذیر حسین شاہ،الحاج جعفر حسین ونتو، الحاج کفایت حسین صوفی،ایڈوکیٹ افتخار علی بزمی،سابق ایس ایس پی اعجاز حسین میر،الحاج محمد بشیر میر،ڈاکٹر اصغر علی میر، الحاج سید زکی حیدر کاظمی،ماسٹر انور حسین ونتو،پرویز ملک افریدی،سید قلب عباس موسوی اور دیگران نے شدید مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اس طرح کی گستاخانہ ویڈیو وائرل کرنے والے شخص کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ادھر سابق ایم ایل اے شاہ محمد تانترے اور معروف سماجی و سیاسی کارکن مولوی محمد فردرید ملک نے بھی اپنے بیانات میں اس عمل کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام سے صرف مسلمان عقیدت نہیں رکھتے ہیں بلکہ دنیا کا ہر ذی شعور انسان امام عالی مقام کے مرتبے کو پہچانتا ہے ان سے عقیدت رکھتا ہے اور ان کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک شر پسندانہ اقدام ہے جس کے ذریعے کوشش کی جا رہی ہے کہ ماحول خراب کیا جائے۔انہوں نے اس شر پسندانہ اقدام کو سمجھتے ہوئے تمام عوام سے آپسی بھائی چارے کو قائم و دائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ویڈیو وائرل کرنے والے فرد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی جرات کوئی نہ کر سکے۔