حسین محتشم
پونچھ//ضلع پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کہا گیا ہے کہ ضلع پولیس پونچھ کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ شرپسند عناصر عام لوگوں کو گمراہ کرنے اور ہراساں کرنے کے ارادے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے غیر تصدیق شدہ اور جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ ایسی حرکتیں نہ صرف شہریوں میں غیر ضروری خوف و ہراس اور الجھن پیدا کرتی ہیں بلکہ قانون کے تحت سنگین جرم کے مترادف بھی ہیں۔انہوں نے عوام الناس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے تصدیق کئے بغیر کسی بھی غیر مصدقہ رپورٹ پر یقین نہ کریں اور نہ ہی آگے بھیجیں۔ پونچھ پولیس نے جعلی خبروں کی گردش کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ غلط معلومات پھیلانے میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ سائبر سرویلنس ٹیمیں فعال طور پر اس طرح کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت اور قانون کے متعلقہ سیکشنز کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور اس کی جانب سے شہریوں کو درخواست کی گئی ہے کہ وہ صرف پولیس یا ضلعی انتظامیہ کے سرکاری ہینڈلز سے مستند اور تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کریں اور کسی بھی مشکوک یا گمراہ کن مواد کی فوری اطلاع دیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ آئیے سب مل کر ضلع میں امن، اعتماد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔