گاندربل///کشمیر یونیورسٹی میں سوشالوجی کا اسسٹنٹ پروفیسر لاپتہ ہوگیا ہے اور یونیورسٹی کیمپس میں طلاب نے اس کی گمشدگی پر احتجاج کیا ۔ یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف سوشالوجی (سماجیات) میں تعینات اسسٹنٹ پروفیسر،ڈاکٹر محمد رفیع بٹ ولد عبدالرحیم ساکنہ چھندنہ گاندربل جمعہ کو4بجے کشمیر یونیورسٹی سے گاندربل گھر کی طرف روانہ ہوا لیکن گھر نہیں پہنچ پایا۔ ڈاکٹر محمد رفیع کے رشتہ داروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس نے یونیورسٹی سے نکلتے وقت اپنی والدہ کے ساتھ موبائل فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھرآرہا ہے،اس کے بعد سے ہی اس کا موبائل فون بند آرہا ہے۔جس وجہ سے لواحقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے اسے ہر ممکنہ جگہ پر تلاش کیا لیکن کہیں بھی پتہ نہیں چل پایا۔جس کے بعدگمشدگی کی رپورٹ نگین تھانے میں درج کی گئی۔ ادھر پروفیسر کی گمشدگی کے خلاف کشمیر یونیورسٹی میں طلباء نے احتجاج بھی کیا۔اس دوران یو نیوسٹی کے ایک تر جمان نے بتایا کہ وائس چانسلر نے از خود احتجاج کر رہے طلباء کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ اسسٹنٹ پروفیسر کی بازیابی کے لئے تمام تر اوقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یو نیورسٹی انتظامیہ پروفیسر کی بازیابی کو لے کو پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے لہذا طلبا پر امن رہیں اور یو نیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔