لکھنو : اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے بدھ کو سوریہ نمسکار کو نماز کی ملتی جلتی شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کے معاشرے کو توڑنے والی ذہنیت کی وجہ سے اس کی تشہیر نہیں کی جاتی ہے۔ یوپی کے وزیر اعلی نے کہا کہ سوریہ نمسکار میں جتنے آسن ہیں ، وہ مسلمانوں کے نماز پڑھنے سے ملتے جلتیہیں۔یوگی آدتیہ ناتھ نے دارالحکومت میں منعقد تین روزہ یوگا فیسٹیول میں اپوزیشن پارٹیوں پر جم کر طنز بھی کسا۔ انہوں نے کہا کہ لیکن اس بات کی کسی نے تشہیر نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ 'کچھ لوگوں کو یوگ میں نہیں بھوگ میں یقین ہے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے معاشرے کو توڑا ہے اور ذات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا ہے۔ ' انہوں نے کہا کہ یوگا کئی بیماریوں میں مفید ہے۔ یوگا کرنے والا شخص شروع سے آخر تک مکمل طور صحت مند رہتا ہے۔ یوپی حکومت یوگا کو ہر شخص تک پہنچانے کا کام کرے گی۔اتر پردیش کے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یوگی ادتیہ ناتھ پہلی مرتبہ کسی پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔ اس موقع پر یوگی نے کہا کہ وزیر اعظم اور پارٹی نے انہیں اتر پردیش کا وزیر اعلی مقرر کیا ہے اور مودی سے جو مثبت سوچ انہوں نے سیکھی ہے ، اسی پر آگے بڑھتے ہوئے کام کریں گے۔ یوگی نے کہا کہ ابھی اقتدار سنبھالے ایک ہفتہ ہوا ہے اور انہوں نے کچھ چھوٹے موٹے فیصلے لئے ہیں ، لیکن عوام کے مفاد میں وہ بڑے فیصلے لینے سے بھی نہیں پیچھے ہٹیں گے۔