عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ(کے پی ڈی سی ایل)نے گھریلو صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پی ایم سوریہ گھر سکیم کے تحت سولر روف ٹاپس کی تنصیب کے لیے صرف شمسی پی وی وینڈرز سے رجوع کریں۔پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کے پی ڈی سی ایل ترجمان نے کہا کہ کچھ صارفین ایس آر ٹی کے لیے سولر وینڈرز سے رابطہ کر رہے ہیں جو پی ایم سوریہ گھر سکیم کے تحت کے پی ڈی سی ایل کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ “نامزد دکانداروں کی فہرست پی ایم سوریہ گھر کے قومی پورٹل پر رابطے کی تفصیلات کے ساتھ دستیاب ہے، جس تک اپنی پسند کے دکانداروں کے انتخاب کے لیے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔”ترجمان نے مزید واضح کیا کہ وہ صارفین جو اپنے سولر روف ٹاپس وینڈرز سے لگواتے ہیں،اور جو کے پی ڈی سی ایل میں شامل نہیں ہیں ،وہ سینٹرل یا یو ٹی سبسڈی کے اہل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “KPDCL اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے صارفین کو متنبہ کر رہا ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ دکانداروں کے دھوکے میں نہ آئیں۔”