سرینگر//موسم بہار کی کھلی دھوپ کے بیچ اتوار کو سرینگر کے سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا اور سخت گہما گہمی کے دوران لوگوں نے اشیاء خوردنی کے ساتھ ساتھ ملبوسات اور دیگر سازوسامان کی خریدوفروخت کی۔ موسم میں بہتری آنے اور دن میں خوشگواردھوپ کے ساتھ ہی سنڈے مارکیٹ میں غیر معمولی رش دیکھنے کو ملا ۔لوگوں کی چہل پہل کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا تھا کہ لالچوک، گھنٹہ گھر، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، اور پولو گرونڈ کے علاوہ ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں فٹ پاتھوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی سینکڑوں ریڈے لگا ئے گئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ ملبوسات ،جوتوں ،کراکری ،بسترے ،جوتے ،قالین ،گلدان ،الیکڑانک سامان اور دیگر چیزوںکی خریداری میں مشغول تھے ۔مردوزن اور بچوں کے ساتھ ساتھ عمر رسیدہ افرادبھی خریداری میں مصروف نظر آرہے تھے ۔لوگوں کے رش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے جس کی وجہ سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔