سورت//گجرات کے سورت میں بنیادی طور پر گیا (بہار) کے رہنے والے ایک نوجوان کی جمعہ کی شام موت ہو گئی۔ نوجوان کے اہل خانہ کا دعوی ہے کہ لوہے کی راڈ سے پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کر دیا گیا۔ تاہم، پولیس نے اسے حادثہ قرار دیا ہے۔امرجیت نامی یہ نوجوان گزشتہ 15 سال سے سورت میں رہ رہا تھا۔ وہ پنڈیشورا علاقے میں واقع ایک مل میں کام کرتا تھا اور وہاں مزدوروں کو فراہم کرنے کا کام بھی کرتا تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام میں وہ مل سے گھر واپس لوٹ رہا تھا تبھی مشتعل بھیڑ نے اس کا قتل کر دیا۔گجرات سے یوپی اور بہار کے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔وہیں، سورت کے پولیس کمشنر ستیش شرما نے نیوز 18 گجراتی کو بتایا کہ یہ موب لنچنگ کا واقعہ نہیں ہے اور امرجیت کی موت بھیانک سڑک حادثہ میں ہوئی ہے۔امرجیت 15 سال پہلے وہاں ملازمت کی تلاش میں گیا تھا اور کافی محنت کرنے کے بعد اس نے وہاں گھر بھی بنا لیا تھا اور شادی بھی کر لی تھی۔ امرجیت کے دو بچے بھی ہیں۔