سرینگر// جموں صوبے میں دوافراد کی جانیں لینے والی سوائن فلو بیماری کے حوالے سے کشمیر صوبے میں محکمہ صحت کے افسران خواب خرگوش میں ہیں۔ کشمیر میں محکمہ صحت کے اعلیٰ آفیسران کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہونے کا دعویٰ تو کررہے ہیںلیکن سرینگر میں چھاتی کے امراض کے مخصوص اسپتال میں ایچ آئی این آئی کی تشخیص کیلئے بنائی گئی لیبارٹری نے ابھی بھی کام کرنا شروع نہیں کیا ہے۔ ادھر جموں صوبہ خنزیری وائرس اور ڈینگو کی لپیٹ میں ہے۔ سی ڈی اسپتال کے باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسپتال میں قائم کی گئی لیبارٹری میں تشخیص کیلئے درکار کئی آلات کی عدم دستیابی کی وجہ سے لیبارٹری میں ایچ آئی این آئیکی تشخیص کیلئے نمونے نہیں لئے جارہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایچ آئی این آئی مریضوں کو منفی پریشر کی ضرورت ہوتی ہے جو سہولیات مزکورہ لیبارٹری میں دستیاب ہیں تاہم لیبارٹری میں کام کرنے والے عملے اور آلات کی اشد ضرورت ہے۔ سرینگر کے سی ڈی اسپتال میں قائم کی گئی ایچ آئی این آئیلیبارٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ لیبارٹری آئندہ ایک ہفتے کے اندر اندر کام کرنا شروع کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اسپتال میں میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کا عہدہ سنبھالتے ہی سی ٹی اور ایکسرے مشین کو ٹھیک کرایا گیا ہے اور آئندہ ایک ہفتے کے اندر اندر H1N1کی لیبارٹری بھی کام کرنا شروع کردیگی۔ ادھر کشمیرمیں وبائی بیماریوں پر نظر رکھنے والے سرولنس آفیسرڈاکٹر ایس ایم قادری نے کہا کہ سال 2009میں 12اموات ہوئی تھیں جبکہ سال 2015-16میں 16امواتیں ہوئیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا رول ایچ آئی این آئیکے حوالے سے صرف اتنا ہے کہ ہم لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کریں اور H1N1کو پھیلنے سے روکے۔ ڈاکٹر ایس ایم قادری نے کہا کہ ابھی تک کشمیر میں کسی بھی سوائن فلو مریض کی تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے سکمز صورہ اور سی ڈی اسپتال سرینگر میں H1N1مریضوں کیلئے وارڈ تیار رکھے گئے ہیں۔ ادھر جموں صوبے میں سوائن فلو اور ڈینگو کا قہر جاری ہے اور جمعہ کو ڈینگو سے متاثر افراد کی تعداد 59ہوگئی ہے جبکہ550مریضوں میں سے 283 ڈینگو کی بیماری سے متاثر نہیں ہیں جبکہ 208مریضوں کے رپورٹس ابھی آنا باقی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر رکھنے والے ڈاکٹر جے پی سنگھ جموال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کو سوائن فلو کی تصدیق کیلئے بیجے گئے دنوں نمونوں میں خنزیری وائرس موجود نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتک جموں صوبے میں 8افراد سوائن فلو سے متاثر ہیں جن میں ایک 43سالہ خاتون اور 50سالہ شیر سنگھ کی موت واقع ہوئی ہے۔