جموں//سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر اور ایم ایل اے کنگن میاں الطاف نے وادی میں سوائن فلو سے ہونے والی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت وادی میں سوائن فلو کو بڑھنے سے روکنے میں بری طرح ناکام رہا ہے جس کے نتیجے میں 21جانوں کا زیاں ہوا ہے۔ میاں الطاف نے کہا کہ 21 افراد سوائن فلو کی وجہ سے جان گنوا چکے ہیں کیونکہ محکمہ صحت سوائن فلو کو قابو کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ میاں الطاف نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جانکاری چھپانے اور لوگوں کو جانکاری نہ دینے کی وجہ سے یہ بیماری پھیلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران نہ صرف عام لوگوں کو بھول چکے ہیں بلکہ طبی عملے اور نیم طبی عملے کو بھی H1N1سے بچائو کیلئے کوئی بھی انتظام نہیں کیا جارہا ہے۔ میاں الطاف نے محکمہ صحت پر زور دیا ہے کہ وہ انفیکشن سے بچائو کیلئے لوگوں میں جانکاری بڑھانے کیلئے اقدام کرے تاکہ سوائن فلو سے ہونے والے جانی نقصان سے بچا جاسکے۔