بھاری پتھروں کو توڑنے کیلئے دھماکہ خیز مواد کا استعمال
عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ ضلع کے آفت زدہ گائوں چسوتی میں جاری بچا ئواور امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے بڑے پتھروں کو توڑنے کے لیے دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ہفتہ کو تیسرے دن بھی بچائو کارروائی کرنے والی ٹیمیں لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے میں مصروف رہیں اور اس دوران 6لاشیں بر آمد کی گئیں۔ابھی تک 57لاشوں کی شناخت کی جاچکی ہے جبکہ 80سے زائد لاپتہ ہیں۔بادل پھٹنے سے آئی قیامت صغریٰ کے دوران 167افراد کو بچالیا گیا جبکہ 105کے قریب افراد زخمی ہوئے، جن میں 38کو جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔سنیچر کو جو 6لاشیں بر آمد کی گئیں ان میں 2سیکورٹی فورسز( سی آئی ایس ایف) کے دو اہلکار، ایک ایس پی اور اور جموں کے رہنے والے ایک ہی گھر کے 3افراد شامل ہیں۔
بچائو کارروائی
فوج نے کوششوں کو تیز کرنے کے لیے اضافی دستے تعینات کردیئے ہیں۔کل 60 افراد بشمول تین سی آئی ایس ایف اہلکاروں اور ایک خصوصی پولیس افسر کی موت ہو گئی ہے اور بادل پھٹنے اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں جمعرات کی دوپہر پاڈر سب ڈویژن کے دور دراز گائوں میں 82 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ اب تک تقریبا 167 افراد کو بچا لیا گیا ہے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔اب تک 50 لاشوں کی شناخت کی جا چکی ہے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
حادثہ کب ہوا
14 اگست کو تقریباً 12.25 بجے مچیل ماتا مندر کی طرف جانے والا آخری موٹر ایبل گائوں چسوتی پر تباہی ہوئی۔ اس نے ایک عارضی بازار، یاترا کے لیے تیار کردہ لنگر (کمیونٹی کچن) کی جگہ، اور ایک حفاظتی چوکی کو لپیٹ دیا۔کم از کم 16 رہائشی مکانات اور سرکاری عمارتیں، تین مندر، چار واٹر ملز، ایک 30 میٹر لمبا پل، اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو شدید سیلاب میں نقصان پہنچا جس نے مختلف مقامات پر خاص طور پر سب سے زیادہ متاثرہ لنگر سائٹ کے آس پاس بھاری پتھر لائے۔ زندہ بچ جانے والوں کے زندہ نکالنے کے امکانات ہر گزرتے لمحے کے ساتھ معدوم ہو رہے ہیں، ریسکیورز نے شام کو بارودی مواد کا استعمال کر کے آپریشن کو تیز کر دیا تاکہ بڑے پتھروں کو دھماکے سے اڑا دیا جا سکے جنہیں ارتھ موورز یا دیگر آلات سے ہٹایا نہیں جا سکتا تھا۔سالانہ مچیل ماتا یاترا، جو 25 جولائی کو شروع ہوئی تھی اور 5 ستمبر کو ختم ہونے والی تھی، ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی معطل رہی۔ 9,500 فٹ اونچی گھپا تک 8.5 کلومیٹر کا سفر چسوتی سے شروع ہوتا ہے جو کشتواڑ شہر سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔سول انتظامیہ کی طرف سے تقریباً ایک درجن ارتھ موورز کی تعیناتی اور نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی طرف سے خصوصی آلات اور ڈاگ سکواڈز کے استعمال سے بچائو کی کوششیں تیز کر دی گئیں ہیں۔