عظمیٰ نیوزسروس
دہلی//جموں و کشمیر کے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔سنیل شرما نے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ سلامتی اور ترقی سے متعلق جموں و کشمیر کے اہم مسائل اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بجٹ سیشن پر تبادلہ خیال کیا۔سنیل شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر سٹریٹجک اہمیت کا حامل خطہ رہا ہے، اور اس نے متعدد سیکورٹی اور ترقیاتی چیلنجوں کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام مسائل گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور مودی حکومت کی طرف سے ایک سخت کثیر الجہتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ خطے میں حالیہ ملی ٹینسی کے واقعات کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے امیت شاہ سے خطہ کے دور دراز علاقوں تک سڑکوں کے رابطے میں مزید اضافہ کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے سیاحت، صنعت اور کاروبار جیسے اہم شعبوں پر زور دے کر جموں و کشمیر میں پائیدار اقتصادی ماحولیاتی نظام کو آسان بنانے کے لیے مختلف عوامل کو نوٹس میں لایا۔انہوں نے فوری مداخلت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں منشیات کے استعمال اور منشیات کی سمگلنگ میں اضافے کو بھی اجاگر کیا۔سنیل شرما نے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور بجٹ تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سیشنوں میں ہونے والی بات چیت کے اہم نکات اور رہائشیوں کے سماجی و اقتصادی حالات اور جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی عمل پر بجٹ کے اثرات پر روشنی ڈالی۔قائد حزب اختلاف سنیل شرما کی بات تحمل سے سننے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سنیل شرما کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی مودی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور اس کے باشندوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔