جموں//ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے آج کشتواڑ ضلع کے پاڈر بلاک کا تفصیلی دورہ کر کے وہان کے لوگوں کے مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے اس دوران کئی مشکلات کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔دورے کے دوران وزیر نے اتھولی ، گلاب گڈھ ، دھندی ، جھاڑ ، کنڈل ، کرتھائی کیجائی اور دیگر علاقوں میں عوامی درباروں کا انعقاد کیا جہاں لوگوں نے بنیادی ڈھانچے اور مختلف سہولیات کے حوالے اپنے اپنے مسائل اجاگر کئے۔وزیر نے کہا کہ حکومت کشتواڑ ضلع میں ترقیاتی عمل تقویت بخشنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے 131لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے گلاب گڈھ لیگری سڑک پر پل کا افتتاح کیا۔ بعد میں وزیر موصوف نے کئی مقامات پر ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اتھولی گائوں میں ایک وویو پوائنٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔