جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے علاقے سنگیو ٹ کے مکینوں نے جیو فائبر کیبل کے لئے ہونے والی غیر مجاز کھدائی کے خلاف سخت اعتراضات اٹھائے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے رات کے وقت بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی طور پر کھدائی کا کام شروع کیا، جس سے سڑک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ پہلے ہی علاقے کی سڑکیں خستہ حالت میں ہیں، اور اب اس غیر قانونی کھدائی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے ٹھیکیدار نے بغیر کسی اجازت کے رات کے اندھیرے میں بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے سڑک کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر نوٹس میں لائے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی مرمت کے بغیر یہ مسئلہ علاقے کے لوگوں کے لئے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔یوتھ لیڈر عامر خان نے اس معاملے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ٹھیکیدار اور اس میں ملوث محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کریں‘‘۔عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو پہلے ہی بنیادی سہولیات کے لئے مشکلات کا سامنا ہے، اور ایسے غیر قانونی اقدامات عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔سنگیوٹ کے لوگوں نے سڑک کو فوری طور پر ٹھیک کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی، عوام کو ان مسائل سے نجات نہیں ملے گی۔