گاندربل//گاندربل میں دو الگ الگ مقامات پر حادثات میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ایک واقعہ میں پرنگ کے مقام پر ماروتی زیر نمبر JKOIR_5967 کی ٹکر مخالف سمت سے چل رہے سکوٹر زیر نمبر JK_15_6618 سے ہوئی جس کے نتیجے میں سکوٹر سوار زبیر احمد خان ولد علی محمد ساکنہ صدر کوٹ بالا بانڈی پورہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ٹراما ہسپتال کنگن پہنچایا گیا جہاں سے اسے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا۔دوسرے واقعہ میں پاور ہاؤس کنگن کے مقام پر بس زیر نمبر JKOIC_1265 نے راہ چل رہے 10 سالہ کمسن شکیل احمد ڈار ولد طاریق احمد ساکنہ گھونسی محلہ اکہال کنگن کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا جسے تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا۔پولیس نے دونوں حادثات کے متعلق کیس درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ۔دریں اثناء وادی میں سڑک کے مختلف حادثوں میں ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک اور دیگر تین افراد زخمی ہوئے۔ سڑ ک حادثے میں جیل پُل سنگھ پورہ کے نزدیک ایک تیل ٹینکر زیرنمبرJK02AG-4272 جس کو ڈرائیور کرمجیت سنگھ ولد رگبیر سنگھ ساکن کجونی تلاب جموں چلارہاتھا سڑک سے پلٹ کر درخت کے ساتھ ٹکرائی اس حادثے میں مذکورہ ٹرک ڈرائیور موقعہ پر ہلاک ہوا ۔ تمام تر ضروری لوازمات کے بعد نعش کووارثاں کے حوالے کیاگیا۔ پولیس نے اس کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔سڑک کے ایک حادثے میں سلک فیکٹری راجباغ سرینگر کے نزدیک ایک آلٹو کار زیرنمبرJK01AC-3493 ایک سکوٹی زیرنمبرJK01Q-1539 کے ساتھ ٹکرائی ہوئی ۔ اس حادثے میں سکوٹی سوار وسیم احمد ڈار ولد عبدلحمید ڈار اور عابد اشرف ولد محمد اشرف ساکناں ماچھوا کرالہ پورہ زخمی ہوئے جن کوعلاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔