عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// یہاں عیدگاہ کے سنگم علاقے میں واقع حضرت بابا نصیب دین غازی ؒ کے آستان عالیہ کو بدھ کے روز زبردست آگ لگنے سے جزوی نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس واقعے میں دو چنار کے درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب مزار میں آگ لگ گئی جس سے مزار کو جزوی نقصان پہنچا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کہ آستان عالیہ پر آتشزدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے کیونکہ چند روز قبل بھی اس جگہ پر آگ لگی تھی جسے مقامی لوگوں نے فوری طور پر بجھایا۔حکام نے بتایا کہ آج صبح تقریباً 2 بجے اطلاع ملنے پر فائر ٹینڈر موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پالیا۔ایک ہینڈ آئوٹ میں پولیس نے کہا کہ اس نے بابا نصیب الدین غازیؒ کے مزار کو آگ لگانے اور نقصان پہنچانے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 24/24 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن سنگم عید گاہ میں درج ہے۔ پولیس نے کہا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے کے لیے مکمل اور تیز رفتار تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ افواہوں/جھوٹی معلومات پھیلانے سے گریز کریں، انہیں سماج دشمن عناصر کے جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ اشتعال انگیز کارروائی / اشتعال انگیزی میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔