محمد تسکین
بانہال //سنگلدان اور ریاسی کے درمیان ٹرین سروس شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے اور اس بارے میںجنرل منیجر، ناردرن ریلوے نے خط کے ذریعے وزارت ریلوے کو فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے۔اس مکتوب میں جنرل منیجر نے کہا’’ میں نے ریاسی سنگلدان سٹیشنوں کے درمیان نئی لائن کھولنے کے لیے سامان اور مسافروں کی عوامی نقل و حمل کے لیے 46کلو میٹرنئی تعمیر شدہ ریل لائن کا معائنہ کیا ہے‘‘۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 26، 27اور 28 جون کو موٹر ٹرالی کے ذریعے/ پیدل، اس کے بعد میمو ٹرین(موٹر کوچ نمبر کے ساتھ)کے ذریعے 113 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار تک سپیڈ ٹرائل کیا گیا۔ سپیڈ ٹرائل کے دوران دوڑنا عمومی طور پر تسلی بخش تھا۔اپنے آپ کو مطمئن کرنے کے بعد کہ ریلوے ایکٹ، 1989 کے سیکشن 22(1) کی دفعات کی کافی حد تک تعمیل کی گئی ہے، میری طرف سے انڈین ریلویز ایکٹ کے سیکشن 28 اور “ریلوے کے پبلک کیریج کے لیے کھولنے” کے قاعدہ 22(1) کے ذریعے سونپے گئے اختیارات کے تحت مین لائن پر 85 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ٹرن آئوٹ پر 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ قابل اجازت رفتار سے مسافروں کی پبلک کیریج اور مال بردار ٹریفک کے لیے مذکورہ حصے کو کھولنے کی اجازت ہے۔