گول//سنگلدان بازار میں آئے روز گاڑیوں کی جام کی وجہ سے لوگوں بالخصوص دکانداروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سنگلدان بازار میں ریلوے تعمیری کمپنیوں کے ساتھ ساتھ نجی بھاری برکھم گاڑیوں کا جام لگنا اب معمول بن چکا ہے کیونکہ سنگلدان میں بس اسٹینڈ کی شدید قلت کی وجہ سے چھوٹی گاڑیاں بیچ بازار میں پارک کی جاتی ہیں جس وجہ سے باقی مسافر بسوں ، میٹا ڈاروں ، کے ساتھ ساتھ باقی ریلوے کمپنیوں کے مشینوں ، ڈیمپروں کو چلنے کے لئے جگہ بھی نہیں ہوتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے سنگلدان بازار میں گاڑیوں کے جام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ایک طرف سے راہگیروں کو بازار میں جانا مشکل بنا ہوا ہے وہیں دکانداروں طبقہ بھی کافی پریشان ہے کیونکہ ان کی دکانوں کے سامنے کھڑی گاڑیوں کی وجہ سے کوئی گاہک دکانوں میں نہیں جا پا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ سنگلدان بازار میں بس اسٹینڈ کی شدید قلت کو لے کر کئی مرتبہ مطالبہ بھی کیا تھا لیکن اس پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی اور سنگلدان میں کٹرہ بانہال ریلو ے لائن پر مختلف تعمیری کمپنیاں کام کر رہی ہیں جس وجہ سے یہاں ان کی گاڑیوں کا دن بھر آنا جانا لگا رہتا ہے اور بازار میں چلنا دشوار بنا ہوا ہے انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ سنگلدان میں بس اسٹینڈ کے لئے کوئی موزوں جگہ دیکھی جائے جہاں پر ٹرانسپوٹرلوگ اپنی گاڑیوں کو کھڑا کر سکیں اور بازار میں رش کم ہو ۔