زاہدبشیر
گول//گول رام بن شاہراہ سنگلدان بازار میں سڑک کی حالت ابتر کی وجہ سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ دکانداروں کی پریشانیوں میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ یہاں ہر چلنے والے مسافر کے لئے یہ سڑک کسی پریشانی سے کم نہیں ہے ۔ بارشوں کے دوران بھی یہاں چلنا محال بن چکا ہے ۔ جہاں سڑک کے بیچوں بیچ کھڈے بن چکے ہیں وہیں اس سڑک کی نالیوں کی حالت بھی نہایت ہی ابتر ہے ۔ مقامی دکانداروں و شہریوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ کھڈے، ٹوٹ پھوٹ اور ناقص نکاسی آب کے سبب مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ مین مارکیٹ سنگلدان میں ایک بہت بڑا کھڈا تالاب کی شکل اختیار کر گیا ہے بیکن کمپنی کا بھی دن بھر اسی راستہ سے گزر ہوتا ہے مگر کسی بڑے حادثہ کا شکار ہونے کا انتظار کررہی ہے ۔ اگر چہ یہاں پر ریلوے کی مشہور کمپنیاں بھی ہیں جن کی مبینہ نااہلی اور غفلت کے سبب اہم شاہراہ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہے، جس سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی شہریوں کاکہنا ہے کہ بارہا مطالبات کے باوجود سڑک کی مرمت اور بحالی پر کوئی توجہ نہیں دیا گیا ۔مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے میں دشواریاں، گاڑیوں کو نقصان اور روزمرہ سفر میں رکاوٹیں معمول بن چکی ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سنگلدان بازارکی حات سدھارنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی لیڈران بھی بے بس نظر آ رہے ہیں ۔مقامی دکانداروں و عام شہریوں نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن شمشاد شان سے بھی مؤدبانہ اپیل کی ہے کہ سنگلدان بازار کی حالت کو بہتر بنایا جائے تا کہ یہاں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے دیگر لوگوں کو بھی کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔