عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کی شام یہاں پہنچ گئے۔ اس دوران وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے ، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کچھ اہم معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے ۔ سنگاپور کے وزیر اعظم کا ہندوستانی صنعت و تجارت کی نمایاں شخصیات کے ساتھ ملاقات کا بھی پروگرام ہے ۔ امریکہ کی جانب سے کئی ممالک پر درآمدی محصولات عائد کیے جانے کے اعلان کے بعد، دنیا بھر میں جاری تجارتی کشیدگی کے درمیان ان کا ہندوستان کا یہ دورہ انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی کی دعوت پر آ رہے مسٹر وونگ کے ساتھ ان کی اہلیہ اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ ہوگا۔سنگاپور کے وزیر اعظم کی حیثیت سے یہ ان کا پہلاہندوستانی دورہ ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہونے والے اس دورے کو ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی نہایت اہم مانا جا رہا ہے ۔وہ بدھ کے روز مہاتما گاندھی کی سمادھی، راج گھاٹ جا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کریں گے اور جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔اس دوران دونوں ممالک کے درمیان ہنر مندی کی ترقی، ڈیجیٹل تعاون، ہوا بازی، خلائی شعبے اور جہاز رانی کے میدان میں کئی معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے ۔وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کی شراکت داری سے متعلق ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جا سکتا ہے ۔ سرکاری معلومات کے مطابق، جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم وونگ کے درمیان دو طرفہ مذاکرات ہوں گے ، جس کے بعد وزیر اعظم ان کے اعزاز میں ایک ضیافت (ڈنر) کا بھی اہتمام کریں گے ۔وزیر اعظم وونگ، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے ۔سنگاپور کے وزیر خزانہ کے طور پر، وہ ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سے بھی ملاقات کریں گے ۔ان کا وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے ۔ وہ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا، وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بھی ملاقات کریں گے ۔سنگاپور، ہندوستان کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے اور ہندوستان کی ‘‘ایکٹ ایسٹ’’پالیسی میں شامل ایک کلیدی ملک ہے ۔ستمبر 2024 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سنگاپور دورے کے دوران، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے درجے تک بڑھایا گیا تھا۔ دونوں وزرائے اعظم کی اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مضبوط اور کثیرجہتی تعاون کا جائزہ لیا جائے گا،مستقبل میں تعاون کے لیے ایک روڈ میپ پر بات چیت کی جائے گی،اس کے علاوہ، وہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے ۔وزیر اعظم مودی کے گزشتہ سال سنگاپور کے دورے کے دوران بھی دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کا جامع جائزہ لیا تھا۔