عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے 2024کے سرینگر سنڈے مارکیٹ گرنیڈ حملے میں کالعدم ISIS/ISJKتنظیموں سے منسلک تین ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا ہے جس میں ایک خاتون ہلاک اور کئی دیگر شہری زخمی ہوئے تھے۔این آئی اے کی خصوصی عدالت جموں میں داخل کی گئی اپنی چارج شیٹ میں انسداد دہشت گردی ایجنسی نے شیخ اسامہ یاسین، عمر فیاض شیخ اور افنان منصور نائیک کویو اے پی اے کے تحت نامزد کیا ہے۔تینوں فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔ اسامہ اور عمر کو 3 نومبر 2024کو ہونے والے حملے کے صرف چار دن بعد 7نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ افنان کو 8نومبر مجرمانہ سازش میں اس کے فعال کردار کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کا مقصد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شہری آبادی پر دہشت گردانہ حملوں کے ذریعے ہندوستان کے خلاف جنگ چھیڑنا تھا۔این آئی اے نے اس حملے کے پیچھے سازش میں دیگر دہشت گرد گروپوں کے ممکنہ ملوث ہونے کا بھی پردہ فاش کیا ہے۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ تینوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے ارادے سے گرینیڈ حملے کی منصوبہ بندی، سازش اور اسے انجام دیا تھا۔ یہ حملہ امن عامہ کو درہم برہم کرنے اور سرحد پار سے حمایت کے ساتھ کام کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے پرتشدد ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ تھا۔