عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بھی سنڈے مارکیٹ سجایا جاتا ہے جہاں پر اطراف واکناف سے لوگ آکر خریداری کرتے ہیں ۔ گزشتہ بیس 25برسوں سے سرینگر میں سنڈے مارکیٹ ایک اہم کاروباری دن اُبھر کر آیا ہے اور ہزاروں افراد کیلئے یہ روزی روٹی کا سہارا بن گیا ہے ۔ سرینگر کے علاوہ اننت ناگ، کپوارہ، ہندوارہ، کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں میں بھی ہر اتوار کو سنڈے مارکیٹ سجتے ہی لوگ خریداری کرتے ہیں ۔ادھر سرینگر میں وادی کے مشہور اتوار بازار’سنڈے ماریکٹ ‘میں آج بھی لوگوں کا ازدہام دکھائی دیا جبکہ سرما قریب آنے کے پیش نظر گرم ملبوسات کی جم کر خریداری کی ، مارکیٹ میں خواتین اور بچوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا۔سرینگر کے سنڈے مارکیٹ میں ٹی آر سی سے لیکر مہاراجہ بازار امیرا کدل تک سڑک کے دونوں جانب ہزاروں کی تعداد میں چھاپڑی فروشوں نے مال سجایا تھاجس میں گرم ملبوسات، کمبل، اور دیگر سازوسامان تھا ۔ لوگ کی تعداد بڑھتی گئی اور دوپہر تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ سنڈے مارکیٹ پہنچے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔خواتین نے کئی طرح کی چیزوں کی جم کر خریداری کی جن میں زیادہ تر گرم ملبوسات شامل ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ وادی کاایک وہ واحدمارکیٹ ہے جہاں اس تعدادمیں لوگ خریداری کرتے ہیں اور خریداری کی غرض سے ہی لوگ یہاں آتے ہیں ۔ یہ سنڈے مارکیٹ وادی کشمیر میں ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروبار کا ایک اہم وسیلہ بن گیا ہے ۔